i بین اقوامی

امیگریشن کریک ڈائون، ٹرمپ کے مشیر نے سلینا گومز کی ویڈیو کا جواب دیدیاتازترین

January 30, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امیگریشن کے مشیر ٹام ہومن نے کہا ہے کہ امیگریشن کریک ڈائون پالیسی پر کوئی معافی نہیں، یہ اقدامات امریکا کی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔ ٹام ہومن نے امریکی گلوکارہ و اداکارہ سلینا گومز کی غیر قانونی تارکینِ وطن کو ملک بدر کرنے کے فیصلے سے متعلق بنائی گئی ویڈیو کا جواب دے دیا۔ چندروزقبل 32 سالہ سلینا گومز نے اپنی انسٹا اسٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے روتے ہوئے امریکا سے ملک بدر کیے جانے والے لوگوں سے معافی مانگی تھی۔انہوں نے ویڈیو میں کہا تھا کہ مجھے بہت افسوس ہے کہ ملک میں لوگوں کو اس طرح نشانہ بنایا جا رہا ہے، مجھے تو کچھ سمجھ نہیں آ رہا، میں سب سے معذرت خواہ ہوں، کاش میں کچھ کر سکتی۔

سلینا گومز کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کے بعد انہیں اپنی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردِعمل کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا ۔تاہم امریکی صدر کے مشیر نے امیگریشن پالیسی سے متعلق میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پالیسی پر کوئی معافی نہیں، یہ اقدامات امریکا کی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔ٹام ہومن نے کہا ہے کہ یہ جذباتی ویڈیوز حقیقت کو نہیں بدل سکتیں، ہمارے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ہماری ذمے داری ہے، جو لوگ قانون توڑتے ہیں انہیں نتائج کا سامنا کرنا ہو گا۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے اس اقدام کو ملک کی سلامتی کے لیے ایک ضروری قدم قرار دیتے ہوئے سلینا گومز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی