i بین اقوامی

اماراتی وزیرخارجہ کاامریکی ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات،تجارتی امور پرتبادلہ خیالتازترین

February 16, 2023

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے امریکی ہم منصب انٹونی بلینکن اور سینیٹ کے متعدد ارکان سے واشنگٹن ڈی سی کے دورے کے موقع پرملاقاتیں کی ہیں اوران سے باہمی دلچسپی کے متعدد امور اور دوطرفہ شراکت داری کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ہے،عرب میڈیا کے مطابق بلینکن کے ساتھ ملاقات میں شیخ عبداللہ نے سلامتی ،موسمیاتی تبدیلی، تجارتی تبادلے اور سرمایہ کاری میں تعاون کومضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی ہے،طرفین نے مشرقِ اوسط میں انتہا پسندی سے نمٹنے اور معاہدہ ابراہیم کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں پرروشنی ڈالی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات، بحرین،مراکش اور سوڈان نے 2020میں امریکا کی ثالثی میں ابراہیم معاہدے پر دست خط کیے تھے اور اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کیے تھے،امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈپرائس کا کہنا تھا کہ اسرائیل اورفلسطین کے درمیان تنازع میں حالیہ مہینوں میں شدت پر بھی دونوں وزرا خارجہ نے تبادلہ خیال کیا اورانھوں نے تشدد میں مزیداضافے کو روکنے اور امن بحال کرنے کے لیے ممکنہ اقدامات پربات چیت کی ہے، انھوں نے زلزلے سے متاثرہ ترکیہ اور شام میں امدادی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا،

انھوں نے صاف توانائی کے حصول کے لیے متحدہ عرب امارات اورامریکا کے درمیان شراکت داری (پی اے سی ای)اور یواے ای میں آیندہ کوپ 28موسمیاتی کانفرنس کے انعقاد سے متعلق امور پرغور کیا ہے،امریکی وزیرخارجہ نے یوکرین کے عوام کے لیے فراخدلانہ انسانی امداد مہیا کرنے یواے ای کی تعریف کی،شیخ عبداللہ نے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین باب میننڈیز، کمیٹی کے وائس چیئرمین جم رس اور نیشنل ری پبلکن مرکزی کمیٹی کے سابق چیئرمین سینیٹرٹوڈ ینگ سے الگ الگ ملاقات کی ہے،اطلاعات کے مطابق ان ملاقاتوں میں دونوں اتحادی ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا گیا،متحدہ عرب امارات مشرق اوسط میں امریکی برآمدات کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ گذشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تبادلے کا حجم 27.8ارب ڈالررہا تھا۔ امریکا کو متحدہ عرب امارات کی برآمدات کا حجم 6.9ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا اور یہ گذشتہ سال کے دوران میں ملکی برآمدات کے حجم کے مقابلے میں 16فی صد زیادہ ہے،شیخ عبداللہ کے ہمراہ بین الاقوامی تعاون کی وزیر مملکت ریم بنت الہاشمی ،اقوام متحدہ میں متحدہ عرب امارات کی مستقل مندوب اور نائب وزیرخارجہ لانا نسیبہ اور واشنگٹن میں اماراتی سفیر یوسف العتیبہ بھی ان ملاقاتوں میں موجود تھے

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی