امریکی نشریاتی ادارے نے دعوی کیا ہے کہ ایف بی آئی کی سربراہی کے لیے امریکی منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد امیدوار کاش پٹیل کو ایرانی ہیکر ز کی کارستانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ایرانی ہیکروں نے بھارتی نژاد پٹیل کے رابطوں کی بعض معلومات تک رسائی حاصل کر لی۔سی این این نے دو ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ ایف بی آئی نے کچھ عرصہ قبل پٹیل کو آگاہ کیا کہ وہ ایرانی ہیکنگ کارروائی کے ہدف میں شامل تھے۔ٹرمپ کی عبوری ٹیم کے ترجمان ایلکس فائفر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "کاش پٹیل پہلی ٹرمپ انتظامیہ میں ایرانی نظام کے خلاف کوششوں کا ایک مرکزی حصہ رہے۔ وہ ایف بی آئی کے سربراہ کی حیثیت سے امریکا کو اس دشمن سے بچانے کے لیے صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کو نافذ کریں گے"۔حالیہ چند ماہ میں غیر ملکی ہیکروں کی جانب سے ٹرمپ کے قریبی حلقے کے ارکان کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی حکومت امریکا کے ان دعوں کی تردید کر چکی ہے کہ تہران نومبر میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں مداخلت کی کوشش کر رہی تھی۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی