ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی مستقل رکنیت کو جولائی کے اوائل میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔ یہ بات ایران کی خبر رساں ایجنسی آئی آر آئی بی کو د ئیے گئے ایک انٹرویو میں حسین امیر عبداللہیان نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کرغز پارلیمان کی منظوری کے بعد شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام بانی ارکان نے ایران کو مستقل رکنیت کے لیے مثبت اشارہ دے دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح ایران کی مستقل رکنیت کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے چار جولائی کو منعقد ہونے والے آئندہ اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی جس میں ایرانی صدر شرکت کریں گے۔ نومبر 2022 میں ایرانی پارلیمنٹ نے ملک کی شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت سے متعلق ایک بل بھاری اکثریت سے منظور کیا تھا۔ ستمبر 2021 میں تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے اکیسویں اجلاس میں ایران کو تنظیم کا مکمل رکن تسلیم کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ایس سی او کے اعلامیے کے مطابق بھارت چار جولائی 2023 کو ورچوئل فارمیٹ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 22ویں سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی