i بین اقوامی

ایلون مسک کی تنبیہہ،یو ایس ایڈ کی ویب سائٹ آف لائن ہوگئیتازترین

February 04, 2025

امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی(یو ایس ایڈ )کی آفیشل ویب سائٹ دو روز قبل پہلی بار بند ہونے کے بعد ایک بار پھر آف لائن ہوگئی۔یو ایس ایڈ کی ویب سائٹ بند ہونے کا معاملہ ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا کہ ایجنسی کو امریکی محکمہ خارجہ کے ساتھ ضم کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پیش رفت دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کے تبصروں کے بعد سامنے آئی ہے، جو امریکی حکومت میں بڑی اصلاحات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ایکس پر آن لائن گفتگو کے دوران ایلوک مسک نے تصدیق کی تھی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس ایجنسی کو ختم کرنے کی اجازت دی ہے، جو 1961 کے غیر ملکی امدادی ایکٹ کے تحت امریکی غیر ملکی امداد کو مربوط کرنے کے لیے قائم کی گئی تھی۔ایلون مسک نے کہا کہ ہم (صدر) کے ساتھ اس پر تفصیل سے بات کی اور انہوں نے اتفاق کیا کہ ہمیں اسے بند کر دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہفتے کا اختتام یو ایس ایڈ کو بند کرنے کے حوالے سے غور و فکر میں گزارا، یو ایس ایڈ ایک مجرمانہ تنظیم ہے اور اب اس کے ختم ہونے کا وقت آگیا ہے۔یہ ایجنسی بیرون ممالک انسانی امداد فراہم کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے اداروں میں سے ایک ہے۔ 2023 میں، اس نے 43 ارب ڈالر کی فنڈنگ حاصل کی اور برطرفیوں سے قبل اس کے پاس 10 ہزار سے زیادہ افرادی قوت تھی۔ ایجنسی بھوک، غربت اور بیماری سے نمٹنے کے منصوبوں میں مدد فراہم کرتی ہے۔اس کے کام میں رکاوٹ پیر کو اس وقت پیدا ہوئی جب یو ایس ایڈ کا ہیڈکوارٹر دن بھر کے لیے بند کر دیا گیا۔ ضروری مینٹیننس کے فرائض کے ذمہ داران کے علاوہ تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ دفتر کے باہر سے کام کریں یا گھر پر رہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی