ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کی ڈیوائس کے حیران کن استعمال کے ذریعے 4 ارب ڈالر کی منشیات بھارت لانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔بھارتی پولیس اس حوالے سے اسٹار لنک سے تفصیلات طلب کرے گی، جس کا مقصد منشیات کے ان اسمگلروں کا سراغ لگانا ہے، جنہوں نے اس کمپنی کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ ڈیوائس کا استعمال کرتے ہوئے گہرے سمندروں میں سفر کیا اور پہلی بار 4 ارب 25 کروڑ ڈالر مالیت کی منشیات بھارت کے سمندر میں لائے۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتے پولیس نے انڈامان اور نکوبار جزائر کی دور افتادہ چوکی میں میانمار کی ایک کشتی سے 6 ہزار کلو گرام سے زیادہ منشیات میتھ برآمد کی اور میانمار کے 6 شہریوں کو حراست میں لیا تھا۔انڈامان جزیرے کے اعلی پولیس افسر ہرگوبندر ایس دھالیوال نے بتایا کہ اس واقعے نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے کیونکہ یہ پہلا موقع ہے جب اسٹار لنک کے آلے کو بھارتی پانیوں تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک نے اپنا 7 ہزارواں سیٹلائٹ خلا میں بھیجا تھا، جس کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا تھا کہ ایلون مسک دنیا کی دو تہائی فعال سیٹلائٹس کو کنٹرول کرتے ہیں۔
اسٹار لنک، جس کا کہنا ہے کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں کوریج فراہم کرتی ہے، بھارت میں خود کو متعارف کرانے کی خواہاں ہے، لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ علاقائی پانیوں میں اس کی کوریج بھارتی حکومت کی منظوری پر منحصر ہے۔ہرگوبندر ایس دھالیوال نے کہا کہ یہ معاملہ مختلف ہے کیونکہ یہ تمام قانونی ذرائع کو نظر انداز کر رہا ہے، اسمگلرز نے براہ راست سیٹلائٹ کے ذریعے فونز چلائے اور وائی فائی ہاٹ اسپاٹ بنایا، انہوں نے بتایا کہ پولیس حکام اسٹار لنک سے تفصیلات حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جیسے یہ ڈیوائس کس نے خریدی اور کب خریدی اور ساتھ ہی اس کے استعمال کی تاریخ بھی پوچھی جائے گی۔پولیس افسر کے مطابق اسمگلرز اس وقت سے اسٹار لنک کا استعمال کر رہے تھے جب سے ان کا سفر میانمار سے شروع ہوا تھا۔اسٹار لنک نے فوری طور پر اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔انڈامان اور نکوبار پولیس کا اندازہ ہے کہ ضبط شدہ منشیات میتھ کی ریٹیل مارکیٹ میں قیمت 360 ارب بھارتی روپے یعنی 4 ارب 25 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی