i بین اقوامی

علاقہ خالی کریں، اسرائیلی فوج نے لبنان کے سرحدی گاوں میں پمفلٹس گرا دیےتازترین

September 16, 2024

لبنان کے سرحدی علاقے میں اسرائیل کی جانب سے انتباہی پمفلٹ گرا دیئے جن میں رہائشیوں سے علاقہ خالی کرانے کو کہا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے بتایا ہے کہ ایک بریگیڈ نے یہ کام منظوری لیے بغیر کیا۔یہ پہلی بار ہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد پر بسنے والوں سے علاقہ خالی کرنے کے لیے کہا ہو۔ گزشتہ برس سات اکتوبر کو چھڑنے والی اسرائیل غزہ جنگ کے بعد حماس کی اتحادی حزب اللہ اور صہیونی افواج میں سرحد کے آر پار فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے گرائے گئے پمفلٹس میں لبنان کے رہائشیوں کو 11 ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔لبنانی میڈیا نے جنوبی سرحدی گاوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دشمن نے وازانی اور قرب و جوار میں پمفلٹس گرا کر رہائشیوں سے علاقے کو خالی کرنے کا انتباہ کیا۔وازانی کے میئر احمد المحمد نے ان پمفلٹس میں سے ایک کی تصویر بھیجی جس میں جس علاقے کو خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے اس کو سرخ نشان لگایا گیا ہے۔پمفلٹس میں عربی میں لکھا گیا ہے کہ علاقے کے تمام رہائشیوں اور کیمپوں میں رہنے والے مہاجرین سے کہا جاتا ہے کہ ان کے علاقے سے حزب اللہ فائرنگ کرتی ہے۔ رہائشی شام چار بجے سے قبل اپنے گھروں کو چھوڑ کر خیام کے شمال میں چلے جائیں۔ اور اس وقت تک واپس نہ آئیں جب تک اس علاقے میں جنگ ختم نہیں ہو جاتی۔اسرائیلی سرحد کے ساتھ لبنان کا یہ علاقہ زرعی زمین ہے جہاں عام طور پر شام کے مہاجرین کو کاشت کے لیے ملازمت دی جاتی ہے۔ فوج کی ترجمان نے کہا کہ پمفلٹس ڈرون کے ذریعے اس علاقے میں گرائے گئے جہاں سے حزب اللہ حملے کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی فوج کے 769 بریگیڈ نے کی، اور اس کو جنوبی کمانڈ کی مںظوری حاصل نہیں تھی۔ اس حوالے سے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی