بلوچستان کے ضلع ژوب میں کوئلے سے لدے ایک ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں فائر بریگیڈ اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیل کے مطابق کوئٹہ قومی شاہراہ پر کوئلے سے لدے ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں فائر بریگیڈ عملے کے دو اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوئے، جبکہ 6 شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لئے ژوب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ شعلے دور سے نظر آ رہے تھے۔ آگ لگنے کے بعد قومی شاہراہ سے گزرنے والے اور موقع پر پہنچنے والے افراد بھی جھلس گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اطلاعات ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گیا تھا۔واضح رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد متاثرہ ٹرک کے عملے سمیت متعدد ڈرائیوروں نے رات وہیں گزار کر صبح سویرے روانہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا کہ اس دوران ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی