i پاکستان

توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مل گئی، سماعت 7 ستمبر تک ملتویتازترین

August 30, 2022

توہین الیکشن کمیشن کیس میں سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت مل گئی ۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کی۔ سماعت کے لئے عمران خان کے وکیل علی بخاری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ مجھے فون پر اس کیس کے بارے میں بتایا گیا جبکہ الزامات کی کاپی ابھی فراہم نہیں کی گئی لہذا مجھے جواب دینے کا وقت دیں۔ اس حوالے سے ممبر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ 19 اگست کو نوٹس گیا آج 30 اگست ہے، توہین عدالت کیس میں کیا جواب جمع کرانا ہے؟ ممبر الیکشن کمیشن شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ ہم آپ کو وضاحت کا پورا موقع دیں گے، آپ کو شوکاز نوٹس کر کے تاریخ دے دیتے ہیں ۔ وکیل علی بخاری نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ اور لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ بھی حکم دے چکا ہے جس کے بعد الیکشن کمیشن ممبران اور وکیل علی بخاری میں تلخ کلامی ہوئی۔ بعدازاں وکیل فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ اور راولپنڈی ہائیکورٹ بینچ احکامات جاری کرچکا ہے لیکن پھر بھی ہم الیکشن کمیشن کے نوٹسز کا مثر جواب دیں گے۔ اس موقع پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ توہین عدالت آرڈیننس کے تحت کہاں لکھا ہے کہ تحریری جواب جمع کرانا ہوتا ہے، جب چارج فریم ہوگا وہی آپ کا جواب ہوگا۔ اس کے جواب میں وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ ہمیں وضاحت کا موقع نہ دیکر فیئر ٹرائل کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔ ممبر شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ آپ کو وضاحت کا پورا موقع دیں گے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔

کریڈٹ:انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی