i پاکستان

کراچی، 2 کروڑ تاوان کے لیے اغوا بچہ مورو سے بازیابتازترین

December 18, 2025

کراچی سے اغوا ہونے والا تین سالہ بچہ مورو سے بازیاب کر لیا گیا ہے، ملزمان نے دو کروڑ روپے تاوان مانگا تھا۔ رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹائون سے اغوا کیے جانے والے تین سالہ بچے زین کو اندرونِ سندھ کے شہر مورو سے بازیاب کرا لیا گیا ۔بچے کی بازیابی کے لئے ملیر پولیس اور سی پی ایل سی نے ضلع نوشہرو فیروز کے شہر مورو میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر سے بچے کو بازیاب کرایا اور وہاں موجود ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے بچے کی رہائی کے لیے 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ایس ایس پی عبدالخالق پیرزادہ نے بتایا کہ ملزمان نے تین سالہ زین کو گھر کے قریب کھیلتے ہوئے اغوا کیا تھا۔ بچے کی بازیابی کیلئے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او شاہ لطیف کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جب کہ کارروائی کے دوران اے وی سی سی اور نوشہرو فیروز پولیس بھی شامل تھی۔ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزمان تین سالہ بچے کو کراچی سے 400 کلومیٹر دور کیسے لے کر گئے، اس حوالے سے گرفتار ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے، جب کہ اس کے دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی