وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کر دی، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت تجارت نے حکم نامہ جاری کر دیا، سونے کی عالمی تجارت سے متعلق معطل شدہ ایس آر اوبحال کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد وبرآمد سے متعلق کچھ ترامیم بھی کی ہیں، قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد اور برآمد کا فریم ورک برقرار رہے گا، فریم ورک شفافیت اورخود کار نظام میں بہتری کے ساتھ جاری رہے گا۔ رواں سال مئی میں سونیکی ایکسپورٹ اورامپورٹ پر پابندی عائد کی گئی تھی، وزارت تجارت نے 6 مئی 2025 کو سونے کی تجارت منظم کرنے والا ایس آر او 60 روز کے لئے معطل کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سونے کی اسمگلنگ کی شکایت پر ایکسپورٹ اور امپورٹ پر پابندی لگائی گئی تھی، حالیہ مہینوں میں سونے کی اسمگلنگ کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی، جس کے بعد وفاقی کابینہ نے سونے کی درآمد اور برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری دی تھی۔یاد رہے کہ ادارہ شماریات پاکستان کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوا تھا کہ جون اور جولائی میں بالکل بھی سونا درآمد نہیں ہوا، جب کہ مئی میں صرف 9 کلوگرام سونا درآمد کیا گیا تھا، جس کی مالیت 9 لاکھ 27 ہزار ڈالر تھی، یہ سونا زیادہ تر ایس آر او معطلی سے پہلے بھیجی گئی شپمنٹس کا حصہ تھا، اس کے برعکس جولائی 2024 میں سونے کی درآمدات 22 لاکھ ڈالر تک ریکارڈ کی گئی تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی