ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے پاک فضائیہ کا ریلیف آپریشن جاری ۔ اس حوالے سے ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے پاک فضائیہ کا ریلیف آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پی اے ایف قدرتی آفات کے دوران انسانی امداد فراہم کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پاک فضائیہ سیلاب متاثرین کو ریلیف و ریسکیو امداد فراہم کرنے اور انکی بحالی کے لیے پرعزم ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ہم وطنوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو چوبیس گھنٹے مفت علاج اور ادویات کی فراہمی سمیت پی اے ایف ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کی جانب سے سیلاب متاثرین میں تیار کھانا، راشن اور دیگر ضروری اشیا تقسیم کی جارہی ہیں۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1174 راشن پیک ، 13200 پانڈ بنیادی اشیائے خوردونوش ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ پی اے ایف کی میڈیکل ٹیموں نے 695 مریضوں کو طبی امداد فراہم کی ہے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی