i پاکستان

سیکیورٹی صورتحال، کوئٹہ میں 22دسمبر تک دفعہ 144کا نفاذ، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائدتازترین

December 09, 2025

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 22 دسمبر تک دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے خواتین اوربچوں کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ضلع کوئٹہ میں 22 دسمبر تک دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ۔اعلامیے میں کہا گیا کہ شہر میں اسلحے کی نمائش اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کے علاوہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ گاڑیوں پر کالے شیشوں کا استعمال اور بغیر رجسٹریشن موٹرسائیکلوں کی نقل و حرکت بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں 5 سے زائد افراد کے اجتماعات، جلوس، ریلیاں اور دھرنے منعقد کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے کیلئے ماسک یا مفلر کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔محکمہ داخلہ نے ضلع بھر میں تیزاب اور دھماکا خیز مواد کی نقل و حمل بھی ممنوع قرار دیتے ہوئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت کارروائی کے اختیارات تفویض کر دئیے ہیں۔اعلامیے کے مطابق ضوابط کی خلاف ورزی پر کارروائی تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کی جائے گی، جبکہ ڈپٹی کمشنر کو پابندیوں سے متعلق رپورٹ روزانہ محکمہ داخلہ کو ارسال کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی