i پاکستان

سیکیورٹی خدشات، اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت موخرتازترین

October 20, 2025

اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت سیکیورٹی خدشات کے باعث موخر کردی گئی ، اب سماعت کل 22 اکتوبر کو ہوگی۔تفصیل کے مطابق راولپنڈی میں سیکیورٹی خدشات کے باعث اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت پیر کے روز نہیں ہو سکی اور عدالت نے کیس کی کارروائی 22 اکتوبر تک کے لئے موخر کر دی۔ذرائع نے بتایا کہ راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہونے کے باعث ملزمان کو اڈیالہ جیل سے عدالت منتقل نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں ہی پیش کیا گیا۔سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی عدالت میں پیش ہوئے، حاضری لگانے کے بعد وہ واپس روانہ ہو گئے۔کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جنہوں نے سیکیورٹی وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کرنے کے احکامات جاری کیے۔بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔خیال رہے مقدمہ میں اب تک استغاثہ کے چوالیس گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں اور عدالت نے مزید تین گواہوں کو طلب کر رکھا ہے۔اس سے قبل مقدمے کی ویڈیولنک تین سماعتیں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی تھیں اور پنجاب حکومت کی جانب سے اے ٹی سی میں ٹرائل منسوخ کیا گیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی