ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا نعمان کیانی نے شہریوں کو زونل ویری فکیشن بورڈز کے خلاف کارروائی کیلئے شکایات کا طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی شہری کو یہ شکایت ہے کہ اس کے فراہم کردہ کوائف یا شناختی دستاویزات پر جو اعتراضات لگائے گئے ہیں وہ سراسر غلط یا بورڈ کی کوتاہی کی وجہ سے ہے تو اسے نادرا میں شکایت درج کرانے کا مکمل حق حاصل ہے۔ ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شہری اس قسم کی شکایات ریجنل ویری فکیشن بورڈ میں اپنی شکایت درج کروا سکتا ہے۔ اور یہ شعبہ زونل ویری فکیشن بورڈز کیخلاف شکایت کا ہر زاویے سے جائزہ لے کر ریویو کیلئے دوبارہ ارسال کردیتا ہے۔اس کے باوجود اگر درخواست دہندہ کی تسلی یا تشفی نہیں ہوتی تو اس سے بھی حق حاصل ہے کہ وہ 30 روز کے اندر اپنی شکایت وفاقی حکومت کو ارسال کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ کبھی شناختی دستاویزات سے متعلق کسی مسئلے پر زونل بورڈ کے سامنے پیش ہوئے ہوں یا اس عمل کے بارے میں مزید کچھ جاننا چاہتے ہیں تو اوپر دی گئی نادرا کی ویڈیو سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے علم میں اضافہ کرسکتے ہیں تاکہ آپ کو اپنے مسئلے کے حل کیلئے آسانی میسر ہوسکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی