سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبے شہری سہولت اور مستقبل کی پائیدار ترقی کیلئے اہم ہوں گے، عوام تعاون کریں، بہت جلد ترقیاتی منصوبوں کے نتائج محسوس کریں گے۔اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ کے فور منصوبہ عوام سے کیا گیا وہ وعدہ ہے جس کے تحت صاف اور وافر پانی فراہم کیا جائیگا، سندھ حکومت کے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں، عزیز بھٹی پارک سے اردو یونیورسٹی تک پانی کی پائپ لائن بچھانے کا مقصد سہولت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وقتی طور پر ٹریفک کی مشکلات ضرور ہیں مگر یہ مستقل حل کی طرف پیشرفت ہے، عوام سے اپیل ہے کہ تعاون کریں، یہ منصوبے ان ہی کے بہتر مستقبل کے لئے ہیں،شرجیل میمن کا کہنا تھا کے فور، ریڈ لائن اور دیگر ترقیاتی منصوبے تعمیراتی سرگرمیاں نہیں سندھ حکومت کا وژن ہیں، ان منصوبوں کا مقصد کراچی کو جدید اور سہولیات سے آراستہ شہر میں تبدیل کرنا ہے، تمام منصوبوں کی رفتار تیز کی ہے اور جہاں بھی عوامی مشکلات ہیں انہیں حل کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا سندھ حکومت عوامی خدمت کے جذبے سے کام کر رہی ہے، بہت جلد کراچی کے شہری ان منصوبوں کے مثبت نتائج خود محسوس کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی