راولپنڈی میں انتظامیہ اور نان بائی ایسوسی ایشنز میں مذاکرات کامیاب ہوگئے ، جس کے بعد ہڑتال اور شٹر ڈائو ن کی کال 5 نومبر تک موخر کردی گئی۔تفصیل کے مطابق راولپنڈی میں نان بائی ایسوسی ایشن نے 28 اکتوبر کو دی گئی شٹر ڈائون اور تندور بند رکھنے کی کال 5 نومبر تک موخر کر دی۔یہ فیصلہ محکمہ فوڈ، ضلعی انتظامیہ اور نان بائی نمائندوں کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد کیا گیا۔نان بائی ایسوسی ایشن نے بتایا کہ محکمہ فوڈ نے آٹے کی بلاتعطل فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد احتجاجی کال واپس لے لی گئی۔مذاکرات کے دوران نان، روٹی اور روغنی نان کی قیمتوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ معاہدے کے مطابق خمیری روٹی، نان اور کلچا 35 روپے جبکہ روغنی نان 60 روپے میں فروخت کیے جائیں گے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پتیری روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے۔ اس اتفاقِ رائے کے بعد شہریوں کو مہنگے داموں نان اور روٹی کی فروخت کا مسئلہ عارضی طور پر حل ہوگیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی