سوشل میڈیا پر خاتون کے بال کاٹنے کی وائرل ویڈیو کے حوالے سے درج مقدمے میں اہم پیشرفت ،راولپنڈی پولیس نے مقدمے میں شامل 3 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار کیے جانے والوں میں خاتون کے بال کاٹنے والا مرکزی ملزم، ساتھی مرد اور خاتون شامل ہے۔تفصیل کے مطابق بال کاٹنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متاثرہ خاتون کا ویڈیو بیان سامنے آنے پر تھانہ نصیر آباد میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ واقعہ تقریبا ایک ماہ قبل پیش آیا تھا جو راولپنڈی پولیس کو رپورٹ نہیں کیا گیا تھا۔بال کاٹنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مرکزی ملزمان فرار ہو کر روپوش تھے، تاہم راولپنڈی پولیس نے تمام ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے مرکزی ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔سی پی او نے کہا کہ خواتین پر تشدد، زیادتی یا ہراسمنٹ کی قطعا کوئی گنجائش نہیں، ملوث ملزمان قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے، کسی شہری پر ظلم یا بربریت برداشت نہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی