راولپنڈی میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی میں فراڈ اور بدعنوانی کا انکشاف ہوا ہے جب کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرکے ملزم ساجد محمود کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے خلاف انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کے تحت سال 2024 میں مقدمہ درج ہوا تھا، ملزم نے دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے موضع تھلہ سیداں (G-14/3) اسلام آباد کی زمین کے معاوضے میں جعلسازی کی۔فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائو سنگ اتھارٹی نے 2005 میں موضع تھلہ سیداں کو حاصل کر کے اصل متاثرین کو معاوضہ دینے کے لئے سروے کیا تھا۔ملزم نے دیگر ملوث افراد کے ساتھ ملی بھگت کر کے جعلی رپورٹ تیار کی اور اصل مالک کی جگہ جعلی مالک کو رقم ادا کروائی، ملزمان نے اصل متاثرہ شخص کو 77 لاکھ 88 ہزار 300 روپے کے قانونی معاوضے سے محروم کیا۔ ملزم نے دیگر ساتھیوں سے مل کر 65 لاکھ روپے غیرقانونی طور پر جعلی مالک کو دلوا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔ملزم نے دیگر ساتھیوں سے مل کر سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے فراڈ کے ذریعے مالی بدعنوانی کی، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی