i پاکستان

پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے جاری،48فیصد سروے مکمل ،3 لاکھ 29 ہزار سے زائد متاثرہ افراد کی تفصیلات جمع کر لی گئیںتازترین

October 14, 2025

پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے جاری کردیا گیا ، متاثرہ علاقوں میں اب تک 48 فیصد سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔تفصیل کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا فلڈ سروے جاری ہے، جس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ شہریوں اور علاقوں کا جامع ڈیٹا جمع کرنا ہے۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 2200 سے زائد سروے ٹیمیں متحرک ہیں جو گھر گھر جا کر متاثرین کی معلومات اکٹھی کر رہی ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں اب تک 48 فیصد سروے مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ 3 لاکھ 29 ہزار سے زائد متاثرہ افراد کی تفصیلات جمع کر لی گئی ہیں۔اب تک کی رپورٹ کے مطابق، 9 لاکھ 40 ہزار ایکڑ سے زائد سیلاب زدہ اراضی کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جبکہ 94 ہزار 796 متاثرہ مکانات کا ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے، جن میں مکمل اور جزوی طور پر متاثرہ مکانات شامل ہیں۔

مزید برآں، مختلف اضلاع سے موصولہ اعداد و شمار کے تحت 7043 مویشیوں کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، جن میں 5387 بڑے اور 1656 چھوٹے جانور شامل ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ سروے ٹیمیں جدید ڈیجیٹل سسٹم کے تحت گھر گھر جا کر تفصیلات حاصل کر رہی ہیں، اور یہ ڈیٹا پی آئی ٹی بی، پیلرا اور نادرا کے ساتھ تصدیق کے مراحل سے گزرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ تصدیق کے بعد متاثرین کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ یہ سروے سیلاب متاثرین کی بحالی اور مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی