پنجاب کی فضائی آلودگی میں تاحال کوئی کمی نہ آسکی اور لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہفتہ کو بھی دوسرے نمبر پر رہا ۔عالمی ویب سائٹ کے مطابق لاہو ر اے کیو آئی 368 کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے اور کراچی 209 پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق آج صبح قصور کو 500 ائیر پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ پنجاب کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔دوسری جانب خانیوال میں اے کیو آئی 365 اور لاہور میں 353 ریکارڈ کیا گیا ہے۔مزید برآں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون پشاور سے رشکئی تک بند ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے میدانی علاقوں میں رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے، 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اورسرد رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 5 ریکارڈ کیاگیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی