پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فضائی آلودگی کے ڈیرے برقرار ہیں، فضا مضر صحت ہونے سے سانس کی بیماریاں جنم لینے لگیں۔ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 366 ریکارڈ کی گئی ہے، علامہ اقبال ٹان کا ایئر کوالٹی انڈیکس 734، شالیمار 720، جوہرٹان 586، لوئر مال کا 494 اور کینٹ کے اطراف کا 423 ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں ایئر کوالٹی انڈیکس 645، فیصل آباد 295، بہاولپور میں 283 اور پشاور میں 444 ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ بھارتی دارالحکومت دہلی پہلے نمبر پر ہے، اے کیو آئی 502 ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 11 جبکہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے، ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد تک جا پہنچا ہے، ہوا کی رفتار دو کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر کے آغاز میں لاہور میں بادل برسنے کے امکانات ہیں۔ دریں اثنا نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس نے شدید دھند اور حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹروے ایم ون کو پشاور ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک دونوں سمتوں میں مکمل بند کر دیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق یہ قدم مسافروں کی جان و مال کے تحفظ اور ممکنہ بڑے حادثات سیبچائو کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
گزشتہ چند گھنٹوں میں دھند کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس سے ڈرائیونگ انتہائی خطرناک ہو چکی ہے۔موٹروے پولیس نے سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر بالکل نہ کریں، گاڑی میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، اگلی گاڑی سے معمول سے زیادہ فاصلہ رکھیں اور تیز رفتاری سے مکمل پرہیز کریں۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق سفر کا ارادہ کرنے والے شہری موٹر وے کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے ہیلپ لائن 130 رابطہ کریں۔مسافر معلومات کے لیے موٹر وے پولیس کے آفیشل فیس بک، ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا کانٹس سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب بلوچستان کے مرکزی علاقوں کوئٹہ اور قلات میں درجہ حرارت ایک ڈگری تک گرنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24گھنٹوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ شمالی اور مرکزی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ جمعرات کی صبح صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔قلات 1 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی 12، نوکنڈی 9، گوادر کی ساحلی پٹی پر 14 اور جیوانی میں 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی