پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔آغا سراج درانی کو ایک ماہ قبل برین ہیمبرج ہوا تھا جس کے باعث انہیں ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور پھر چند روز قبل دوبارہ ان کی طعیبت خراب ہو گئی تاہم بدھ کو ڈاکٹرز نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے آغا سراج درانی کے انتقال کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔شہبازشریف کا کہنا تھا آغا سراج درانی نے بطور اسپیکر سندھ اسمبلی اہم خدمات سر انجام دیں، آغا سراج درانی کی سیاسی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے، آغا سراج نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا، مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔آغا سراج درانی 31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک اسپیکر سندھ اسمبلی رہے، وہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔
آغا سراج درانی چار دہائیوں سے زائد پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، 1988 میں پہلی بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، تین مرتبہ صوبائی وزیر اور دو مرتبہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر رہے، ان کا شمار شہید بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کے با اعتماد ساتھیوں میں ہوتا تھا۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن، وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار سمیت پیپلزپارٹی کے رہنمائو ں نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور اور کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کے لئے آغا سراج درانی کی سیاسی سماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں، آغا سراج درانی ایک باوقار، وفادار اور تجربہ کار سیاسی رہنما تھے جنہوں نے ہمیشہ صوبے کے عوام کی خدمت کو اپنا مقصد بنایا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آغا سراج درانی نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک مخلص کارکن تھے بلکہ وہ جمہوری روایات کے علمبردار بھی تھے، آغا سراج درانی کی پوری زندگی عوامی خدمت، جمہوریت کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد میں گزری۔انہوں نے کہا کہ آغا سراج درانی کی سیاسی بصیرت، انتظامی صلاحیت اور پارلیمانی تجربہ پارٹی کے لیے ایک قیمتی اثاثہ تھا، آغا سراج درانی کی وفات سے نہ صرف پیپلز پارٹی بلکہ سندھ کی سیاست میں ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جو مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مرحوم آغا سراج درانی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اللہ تعالی مرحوم آغا سراج درانی کو بلند درجات اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے بھی سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ آغا سراج درانی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم آغا سراج درانی نے جمہوریت کے استحکام اور عوامی نمائندگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا، آغا سراج درانی جیسے بااصول سیاستدان کم پیدا ہوتے ہیں۔دریں اثنا سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی ،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز،سابق وزیر اعظم نوازشریف ،سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور لواحقین کے اظہار ہمدردری اور مرحوم کے ایصال ثوا ب کیلئے دعا کی ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی