i پاکستان

پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات میں مکمل ڈیڈ لاک ،یہ اڈیالہ روڈ پر تماشا لگاتے ہیں، حکومت بانی پی ٹی آئی کو کہیں اور بھی منتقل کر سکتی ہے،رانا ثنااللہتازترین

December 11, 2025

وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے معاملات پرمکمل ڈیڈ لاک ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل سے کہیں اور منتقل کرنے کا اشارہ دے دیا۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان کو معلوم ہے ملاقات کیوں بند ہے اور یہ بھی جانتے ہیں ملاقات کیسے ہو سکتی ہے، عظمی خانم کو ملاقات سے پہلے کہا گیا تھا پیغام رسانی کا کام نہ کریں تاکہ باقی بھی ملاقات کر سکیں گے، عظمی خانم کی عمران خان اور بشری بی بی سے گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات ہوئی۔عظمی خانم سے ملاقات میں عمران خان نے ان کا حال تک نہ پوچھا اور اپنا پیغام شروع کیا۔ وہ بانی پی ٹی آئی کا پورا پیغام پہنچاتیں تو شائد اور زیادہ آگ لگتی، ان کو جتنا یاد رہا انہوں نے 60 فیصد تک پیغام جیل کے باہر پہنچایا۔وزیر اعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ یہ روز اڈیالہ روڈ پر تماشا لگاتے ہیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے

صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت بانی پی ٹی آئی کو کہیں اور بھی منتقل کر سکتی ہے، فی الحال انہیں منتقل کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا لیکن غور جاری ہے، اگر فیصلہ ہوا تو صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات بھی ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کیا سہولیات دی جا رہی ہیں یہ دیکھنے کیلئے تجویز پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کی تھی، میں نے کہا تھا کہ میری معلومات کے مطابق ان کا ناشتا، لنچ اور ڈنر ان کی مرضی سے بنتا ہے، ان کا کھانا باقاعدہ چیک ہوتا ہے اور پھر وہ کھاتے ہیں، انہیں ورزش، اخبار اور دیگر سہولتیں میسر ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سینیٹ کی کارروائی ریکارڈ ہوتی ہے میرا موقف اس میں موجود ہے، فائیو اسٹار سہولیات کی بات میں نے تو کبھی نہیں کی، عدالتی احکامات اور جیل مینوئل کے مطابق بانی پی ٹی آئی تمام سہولیات مل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی مذاکرات کی بات یکطرفہ ہی رہی دوسری طرف سے کوئی ردعمل نہیں تھا، آج بھی دونوں طرف سے مذاکرات کے معاملات پر ڈیڈ لاک ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی