حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے، فواد چودھری اور اسد عمر کے بعد وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں گلگت بلتستان ہاوس سے گرفتار کیا گیا۔ اسلام آباد پولیس نے بدھ کی دوپہر بھی شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ گرفتار نہ ہوسکے تھے۔ تاہم اب پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔ شاہ محمود قریشی کو 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا، اسلام آباد اور پنجاب میں حالیہ جلا گھیرا اور ہنگامہ آرائی کے مقدمات میں بھی پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نامزد ہیں۔ گرفتاری سے پہلے شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کوئی غلط کام نہیں کیا، کوئی اشتعال انگیز بیان نہیں دیا، ان پر کور کمانڈر لاہور واقعہ کا لگا الزام جھوٹ ہے۔ دوسری طرف جمعرات کو علی الصبح پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق معاون خصوصی جمشید اقبال چیمہ کو بھی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ جمعرات کو صبح پولیس نے خواتین پی ٹی آئی رہنماوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ہونیوالی رہنماوں میں مسرت جمشید چیمہ، ملیکہ بخاری، عالیہ حمزہ اور فلک ناز چترالی شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی