i پاکستان

پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ، متاثرہ بچے کا تعلق کے پی سے،رواں سال تعداد 30 ہوگئیتازترین

October 21, 2025

پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ ہوا ہے۔ ذرائع وزارت صحت کے مطابق پولیو سے متاثرہ 12 ماہ کے بچے کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر کی تحصیل کندار سے ہے۔اسلام آباد کے قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ ) کے ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسداد پولیو نے خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر میں وائلڈ پولیو وائرس(ڈبلیو پی وی 1 )کے ایک نئے کیس کی تصدیق کی ہے، یہ رواں سال ضلع تورغر سے رپورٹ ہونے والا دوسرا کیس ہے۔ ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 12ماہ کے بچے میں بیماری کی علامات 19 ستمبر 2025 کو ظاہر ہوئیں جو تحصیل کندار کی یونین کونسل گھڑی کا رہائشی ہے ۔ ذرائع کے مطابق رواں سال کے پی میں پولیو کا یہ 19 واں کیس ہے جب کہ ملک بھر میں سال 2025 میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد اب 30 ہوگئی ہے۔ ، جن میں سے 19 خیبر پختونخوا، 9 سندھ، اور ایک ایک کیس پنجاب اور گلگت بلتستان سے رپورٹ ہوا ہے۔

ستمبر 2025 میں پاکستان پولیو پروگرام نے ملک کے 87 اضلاع سے ماحولیاتی نگرانی کے تحت سیوریج کے 127 نمونے اکٹھے کیے، ان میں سے 81 نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا، جب کہ 44 میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، دو نمونے تاحال تجزیے کے مرحلے میں ہیں۔بلوچستان سے لئے گئے 21 ماحولیاتی نمونے منفی اور 2 مثبت آئے، پنجاب میں 22 نمونے منفی اور 8 مثبت آئے جبکہ ایک زیر تجزیہ ہے، خیبر پختونخوا میں 24 نمونے منفی اور 10 مثبت آئے، سندھ میں 7 نمونے منفی اور 21 مثبت آئے جبکہ ایک زیر تجزیہ ہے۔اسی طرح اسلام آباد میں 4 نمونے منفی اور ایک مثبت آیا جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں تینوں نمونے منفی آئے اور گلگت بلتستان میں ایک نمونہ مثبت اور ایک منفی آیا۔اعداد و شمار کے مطابق مثبت کیسز کی مجموعی شرح میں کمی آئی ہے، جو حالیہ معیاری انسدادِ پولیو مہمات کے مثبت اثرات کو ظاہر کرتی ہے، تاہم وائرس کی گردش کچھ خطرناک علاقوں میں اب بھی جاری ہے، جس سے ہدف اور سنجیدہ کوششوں کی ضرورت برقرار رہتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی