پاکستان نے افغانستان کے ساتھ استنبول میں جاری مذاکراتی عمل کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔بی بی سی کی سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق توسیع کا فیصلہ مذاکرات کے میزبان ملک ترکی کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد جس نے جمعرات کو استنبول سے روانہ ہونا تھا، اب وہیں ٹھہرے گا اور مذاکرات میں حصہ لے گا اور مذاکراتی عمل کو دوبارہ جاری رکھ کر امن کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مذاکرات پاکستان کے اسی مرکزی مطالبے پر ہوں گے کہ افغانستان دہشت گردوں کے خلاف واضح، قابلِ تصدیق اور موثر کارروائی کرے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو۔قبل ازیں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ اور قطر میں افغانستان کے سفیر سہیل شاہین نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا ایک اور دور ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر اس طرح کے مذاکرات میں ایک ہی بیٹھک یا ایک ہی دور میں حتمی معاہدے نہیں ہوتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی