چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی (پی یو اے آر اے ) بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی پہلی اسٹیبل کوائن متعارف کر ائے گا ۔ انہوں نے یہ اعلان دبئی میں بنانس بلاک چین ویک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کرپٹو سربراہ نے کہا کہ پاکستان یقینا اسٹیبل کوائن لانچ کرے گا اور ملک اس کے ساتھ ساتھ سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی (سی بی ڈی سی) پر بھی کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ حکومتی قرضے کو کولیٹرلائز کرنے کا بہترین طریقہ ہے، ہم اس مالیاتی ڈیجیٹل انویشن کے انتہائی اگلے محاذ پر رہنا چاہتے ہیں، جب ہمارے پاس صلاحیت بھی ہے اور عوامی اپنائیت بھی، تو ہم آخر میں کیوں رہیں؟۔پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے مطابق بلال بن ثاقب نے ورچوئل اثاثوں کے مستقبل اور ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں ریگولیشن کے موضوع پر ایک پینل بحث میں بھی حصہ لیا۔انہوں نے زور دیا کہ پاکستان جیسے ممالک کے لئے واضح اور جدت کو فروغ دینے والا کرپٹو ریگولیٹری فریم ورک معاشی ترقی کا بنیادی محرک ہے، پاکستان کے اسٹیبل کوائن، ڈیٹا فریم ورک اور بغیر بینک والے افراد کو باضابطہ نظام میں لانے کے اقدامات دنیا کیلئے مثالی کیس اسٹڈیز ثابت ہوسکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی