قومی احتساب بیورو کی جانب سے دو سال کے دوران کرپشن سے لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروانے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ مجموعی طور پر 6 ارب 57 کروڑ روپے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو واپس کئے گئے جبکہ نیب نے فراڈ کے کیسز میں 124 ارب روپے عوام کو بھی واپس دلوایئے۔نیب دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کو دو سال کے دوران چار ہزار 751 ملین روپے سے زائد رقم جمع کروائی گئی۔ پنجاب حکومت کو 330 ملین، سندھ کو 320 ، بلوچستان کو 5 جبکہ خیبرپختونخوا حکومت کو 41 ملین روپے سے زیادہ کی رقم لوٹائی گئی ۔ اس کے علاوہ دیگر اداروں کو بھی ایک ہزار 124 ملین روپے واپس دلوائے گئے۔ نیب کے مطابق واگزار کروائی گئی زمینیں اس برآمدگی کے علاوہ ہیں ۔ صرف 2025 کی پہلی سہ ماہی تک مجموعی طور پر ایک اعشاریہ دس ٹریلین روپے کی برآمدگی ہو چکی ہے۔ ہاسنگ سمیت عوام الناس سے مختلف منصوبوں میں دھوکا دہی اور فراڈ کے مقدمات میں 124 ارب روپے کی برآمدگی ہوئی جو ایک لاکھ 31 ہزار سے زیادہ متاثرین میں تقسیم کی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی