i پاکستان

نئے صوبے مسترد، آئین کو بار بار سیاسی مفاد کیلئے تبدیل نہیں کیا جاسکتا، شازیہ مریتازترین

December 11, 2025

پاکستان پیپلزپارٹی نے نئے صوبوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کو بار بار سیاسی مفاد کیلئے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے نئے صوبوں سے متعلق بازگشت پر پارٹی موقف دیتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ درجنوں نئے صوبوں کی بات کر کے قومی استحکام خطرے میں ڈالنے کو مسترد کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہر آئینی معاملے میں اتحاد، استحکام اور ذمہ دارانہ فیصلے کی علمبردار ہے۔ قومی فیصلوں کے لئے قومی اتفاق رائے ضروری ہے۔ نئے صوبوں کے مسئلے پر سیاست کرنے والے عوام کو گمراہ کرنا بند کریں۔ پی پی کا موقف ہے کہ پارلیمنٹ جنوبی پنجاب صوبے پر موجود اتفاقِ رائے نافذ کرے۔

شازیہ مری نے مزید کہا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے واضح کیا ہے کہ کوئی صوبہ تقسیم یا ٹکرا کے ذریعے نہیں بنایا جا سکتا۔ ان کا اصولی موقف ہے کہ حکمرانی مضبوط کریں، مگر وفاق کو کمزور نہ کریں۔ وہ ایسی انتظامی اصلاحات چاہتے ہیں جو وفاق کو مضبوط کریں کمزور نہیں۔ صوبوں کے حقوق اور اختیارات کا تحفظ ہی مضبوط وفاق کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دے گی تقسیم کو نہیں۔ پارٹی صوبائی خودمختاری کو اپنی جمہوری جدوجہد کی بنیاد سمجھتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی