i پاکستان

مذہبی جماعت کا احتجاج، لاہور اور راولپنڈی ،اسلام آباد کے تمام داخلی دوسر ے روز بھی راستے بند، شہری پریشانتازترین

October 11, 2025

مذہبی جماعت کے احتجاج پر لاہور اور جڑواں شہروں راولپنڈی ،اسلام آباد کے تمام داخلی راستے اور موبائل نیٹ سروس ہفتہ کو دوسرے روز بھی بند رہی،جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے۔تفصیل کے مطابق لاہور میں داخلہ روکنے کیلئے سگیاں پل کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا، راوی پل کی شاہدرہ جانے والی سڑک پر بھی کنٹینر لگا دیا گیا، پرانے راوی سے لاہور کی طرف آنے والی سڑک بھی بند کر دی گئی۔لاہور پریس کلب اورملحقہ علاقوں میں متعدد کنٹینرز موجود ہیں جس سے شہریوں کو ضروری کاموں کے سلسلے میں آنے جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔لاہورسے اسلام آباد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے، اسلام آباد سے لا ہور آنے والی موٹروے بھی ٹریفک کے لئے بالکل بند ہے، لاہور داخلے کے لئے بابوصابو اورٹھوکرنیاز بیگ سے موٹروے پر انٹری بند ہے۔اسلام آباد میں موٹروے پر آنے والے تمام راستے بند جبکہ لاہور میں میٹروبس اورنج لائن ٹرین سروس دوسرے روز بھی معطل رہی۔وزیر آباد میں جی ٹی روڈ کو مولانا ظفر علی خان بائی پاس کے مقام پر رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا، جی ٹی روڈ چناب ٹول پلازہ کے قریب کنٹینرز لگا کر سڑک کو آمدورفت کے لئیمکمل بند کردیا گیا۔خانکی بیراج ٹول پلازہ پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں جبکہ سیالکوٹ ائیرپورٹ جانے والے راستے بھی مکمل بند ہیں۔گجرات میں دریائے چناب پل کے قریب خندق کھود دی گئی، دریائے چناب پل پر ٹرک اور کنٹینر لگا کر لاہور اور اسلام آباد جانے والی ٹریفک مکمل طور پر بند کر دی گئی۔جی ٹی روڈ پر کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے مقامات پر بھی خندقیں کھود دی گئیں، خانپور ہزارہ میں سرحدی چوکی جنڈیال دوسرے روز بھی بند ہے۔پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والی جی ٹی روڈ کو ٹریلر اور کنٹینر لگاکر بند کیا گیا ہے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ سے لاہور جانے والے تمام راستے بند ہیں،ایم فور موٹر وے لاہور کی جانب ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی ہے اور شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔سیالکوٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی نفری تعینات ہے، ڈسکہ کے خارجی راستوں پر پولیس تعینات ہے، لاہور سیالکوٹ موٹر وے بند ہے۔دوسری جانب مذہبی جماعت کے مارچ کی کال پر جڑواں شہروں میں بنی سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کئے گئے ہیں ۔جڑواں شہروں کے داخلی و خارجی راستوں سمیت اندرون شہر کی متعدد سڑکیں بند ہیں، جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل ہے، ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا۔وفاقی دارالحکومت میں چھوٹی گاڑیوں کیلئے مارگلہ روڈ کھولا گیا ہے، زیروپوائنٹ، سری نگرہائی وے، ڈی چوک، میریٹ چوک اور سرینہ چوک بھی بند ہے۔شہر میں میٹرو بس سروس اور دیگر لوکل ٹرانسپورٹ بھی بند ہے، مری روڈ، جی ٹی روڈ اور موٹروے فتح جنگ انٹرچینج سے اسلام آباد کی جانب بند ہے، اڈیالہ روڈ فلائی اوور، پشاور روڈ، سرینا چوک، سواں پل بند ہے۔مارگلہ پکٹ ٹیکسلا دونوں اطراف سے بند ہے، جی ٹی روڈ پر بائی پاس کلر سیداں روڈ مکمل بند ہے۔موٹروے ایم ون پشاور کی جانب سے آنے والے راستہ مکمل بند ہے، فیض آباد انٹر چینج پر مری روڈ اور اسلام ایکسپریس وے بند ہے، شمس آباد میٹرو سٹیشن کے قریب ڈھوک کالا خان ٹرن بند ہے۔ادھر آئی جے پی روڈ سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان راستے مکمل بند ہیں، آئی جی پی روڈ پر ڈبل روڈ ٹرن، نیو کٹاریاں اور پنڈورا چونگی بند ہے، مری روڈ پر سکستھ روڈ چوک اور چاندنی چوک کنٹینرز لگاکر بند کر دیئے گئے۔

مری روڈ پر ناز سینما چوک، وارث خان چوک، کمیٹی چوک بند ہیں، مری روڈ سے اندرون شہر جانے کیلئے لیاقت باغ یوٹرن بھی بند ہے، مری روڈ پر مریڑ چوک یوٹرن، ڈی اے وی کالج روڈ چوک بند ہیں۔راولپنڈی صدر کینٹ میں سوزوکی سٹینڈ اور حیدر روڈ بند ہے، کھنہ پل اور کری روڈ پر راولپنڈی اسلام آباد آمدورفت بند ہے، موٹروے چکری انٹرچینج پر راولپنڈی کی جانب آنے والا راستہ بند ہے، فتح جنگ ٹول پلازہ پر راولپنڈی کی طرف آنے والا راستہ بند ہے،ٹھلیاں انٹرچینج پر راولپنڈی کی طرف آنے والا راستہ بند ہے، براہمہ انٹرچینج پر راولپنڈی کی طرف آنے والا راستہ بند ہے۔یاد رہے کہ لاہور کے تعلیمی ادارے ہنگامی طور پر بند کر دیے گئے تھے، اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے بھی راستوں کی بندش کا اعلامیہ جاری کیا تھا جبکہ پبلک سروس کمیشن کے تحت ایس ڈی او پیرا کے امتحانات بھی ملتوی کر دئیے گئے۔پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام لا کے امتحانات بھی ملتوی ہو چکے ہیں۔صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل و انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس دوسرے روز بھی معطل رہی اور فیض آباد کے مقام پر پولیس کی بھارتی نفری تعینات ہے، فیض آباد میں تمام ہوٹلز کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی