i پاکستان

مذہبی جماعت کا احتجاج، جڑواں شہروں کے داخلی راستے بند، سیکورٹی کے سخت انتظامات، موبائل انٹرنیٹ سروس متاثرتازترین

October 10, 2025

تحریک لبیک پاکستان کے اسلا م آباد میں اقصی مارچ کے نام پر احتجاجی ریلی نکالنے اعلان کے بعد جڑواں شہروں ر اولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی اور خارجی راستوں کو فیض آباد سمیت مختلف مقامات سے بند کردیا گیا ، سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کردئیے گئے جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ،دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں 10 دن کیلئے اسلحے کی نمائش اور عوامی اجتماعات پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگا دی۔۔ تفصیل کے مطا بق مذہبی جماعت نے جمعہ کوفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا تھا جس کے باعث انتظامیہ کی جانب سے شہر میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ۔ شہر کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی ، اسلام آباد کے تمام داخلی راستوں پرکنٹینرلگا دئیے گئے جس کے باعث شہریوں کو آمد ورفت میں شدید مسائل کا سامنا کرناپڑا۔ دارالحکومت میں موبائل ڈیٹا سروس بھی متاثر رہی اور شہریوں کو موبائل پر انٹرنیٹ کے استعمال میں مسائل کا سا منا کرنا پڑا۔چھبیس نمبر چونگی سے اسلام آباد روات ٹی چوک سے اسلام آباد اور مری سے فیض آباد کی جانب آنے والے راستوں کو بند کردیا گیا ۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک ڈائیورژن پلان بھی جاری کیا

۔موٹروے اور نیشنل ہائی وے پولیس کی ہیلپ لائن کے مطابق اسلام آباد سے لاہور تک کے لئے موٹروے اور جی ٹی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھلی رہی ۔ جڑواں شہروں کی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان نہیں کیا تاہم مختلف شاہراہوں کی بندش کی وجہ سے طالب علموں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔ تاہم حفاظتی نقطہ نگاہ سے جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو سروس کو معطل کردیا گیا ، جبکہ اسلام آباد کے مختلف روٹس پر چلنے والی الیکٹرک بس بھی معطل رہی ۔اس کے علاوہ راولپنڈی کے بیشتر نجی تعلیمی اداروں میں چھٹی دے دی گئی ۔دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں 10 دن کے لئے اسلحے کی نمائش اور عوامی اجتماعات پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگا دی۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے دفعہ 144 کے تحت جلسے، جلوس اور دھرنوں پر پابندی کر دی گئی ۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ دفعہ 144 کے تحت صوبے بھرمیں اسلحے کی نمائش اور عوامی اجتماعات پر بھی پابندی ہوگی۔مزید برآں صوبے بھر میں اذان اور خطبہ کے علاوہ لاڈ اسپیکرکا استعمال بھی ممنوع ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی