ملتان میں نامعلوم مسلح افراد نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ذیشان کو اغوا کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد ذیشان کے مطابق چار گاڑیوں میں سوار تقریبا 15 مسلح افراد ان کی رہائش گاہ ملتان ہومز پہنچے اور زبردستی گھر میں داخل ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں میں مسلح افراد کی مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر وہ عقبی دروازے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔محمد ذیشان کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے ان کے اہلِ خانہ کو ڈرایا دھمکایا اور ان کی موجودگی کے بارے میں پوچھتے رہے۔انہوں نے بتایا کہ اغوا کی کوشش کے دوران ملزمان نے ان کے دوست علی کو محمد ذیشان سمجھ کر اغوا کیا تاہم بعد ازاں غلط شناخت کا علم ہونے پر کچھ فاصلے پر لے جا کر اسے چھوڑ دیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی سی آئی اے محمد ذیشان نے بتایا کہ وہ اپنے ادارے میں ریجن کے اہم کیسز کے انکوائری آفیسر بھی ہیں اور واقعے سے متعلق اپنے ادارے کے اعلی افسران کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اغوا کی کوشش میں شامل کچھ افراد نقاب پوش تھے جبکہ بعض نے اپنی شناخت ظاہر کر رکھی تھی۔محمد ذیشان نے مزید کہا کہ انہیں تاحال اغوا کی کوشش کے محرکات اور ملوث افراد کے بارے میں کوئی علم نہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی