i پاکستان

ملکی جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات‘ پنجاب میں تین سال میں سب سے زیادہ 6 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ متاثرتازترین

November 07, 2025

ملکی جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات‘ پنجاب میں تین سال میں سب سے زیادہ 6 ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ متاثر ہوا ہے۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران پنجاب میں جنگلات میں آگ لگنے کے 268 واقعات پیش آئے جن میں 6117 ایکڑ رقبہ جل کر راکھ بن گیا، ملک بھر میں جنگلات کی آتشزدگی کے 479 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں مجموعی طور پر 15497 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا، جن میں پنجاب کا حصہ تقریبا 40 فیصد رہا۔اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 جنگلات میں آگ کا بدترین سال ثابت ہوا، پنجاب میں 2023 میں صرف 4 واقعات میں 25 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا جبکہ 2024 میں صورتحال سنگین ہوئی اور 165 واقعات میں 3363 ایکڑ جنگلات جل گئے اسی طرح 2025 میں اب تک 97 واقعات میں 2729 ایکڑ رقبہ تباہ ہو چکا ہے۔

بلوچستان میں 2024 میں 2 واقعات میں 590 ایکڑ اور 2025 میں 14 واقعات میں 4629 ایکڑ جنگلات جلے، سندھ میں مجموعی طور پر 5 واقعات میں 63 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا، خیبر پختونخوا میں 2024 میں 60 واقعات میں 1235 ایکڑ جنگلات راکھ ہوئے جبکہ 2025 میں کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔اسلام آباد میں 2024 میں 17 واقعات میں 254 ایکڑ اور 2025 میں اب تک 31 واقعات میں 82 ایکڑ علاقہ متاثر ہوا۔ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی، غیرقانونی لکڑی کی کٹائی، لاپرواہی اور خشک موسم جنگلاتی آگ میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں، محکمہ جنگلات نے آگ سے بچا کے لئے آگاہی مہمات، ٹیکنالوجی کے استعمال اور فائر لائنز کی بحالی کی سفارش کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی