i پاکستان

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے بارے میں الرٹ جاریتازترین

December 13, 2025

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی، پی ڈی ایم اے نے بھی الرٹ جاری کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آ ئندہ24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے، مری، گلیات اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی ہے، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، ساہیوال، ملتان، خانیوال، خانپور اور کوٹ ادو میں دھند رہنے کی توقع ہے۔بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور اور گرد و نواح میں اسموگ رہنے کا امکان ہے، سکھر، روہڑی، شکار پور، کشمور، لاڑکانہ اور موہنجوداڑو میں دھند رہنے کی توقع ہے۔چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، باجوڑ اور مہمند میں بارش ہونے کی توقع ہے، کرم اور خیبر میں چند مقامات پر پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، پشاور، صوابی، مردان، چارسدہ، ڈیرہ اسماعیل خان اور نوشہرہ میں دھند رہنے کی توقع ہے۔گلگت بلتستان میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ آزادکشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں مغربی ہوائیں داخل ہو چکی ہیں، محکمہ موسمیات نے 16 دسمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں برف باری اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، 13سے 15 دسمبر تک پہاڑی علاقوں میں برف باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار اور پیر کو راولپنڈی، اسلام آباد سمیت گلیات میں بارش اور ہلکی برف باری کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے بالائی پہاڑی علاقوں میں رش و برفباری کا امکان ہے، اس بارے میں پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کیلئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔چترال، دیر، سوات، شانگلہ سمیت دیگر اضلاع میں 15 دسمبرتک بارش و برفباری کا امکان ہے، برفباری کے باعث ناران، کاغان سمیت بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ دوسریجانب پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر ویز متعدد مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ۔

اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کی تازہ صورتحال کے پیش نظر موٹر وے ایم تھری کو فیض پور سے رجانہ تک دھند کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار، موٹر وے ایم5ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے، لاہور سیالکوٹ ایم11موٹر وے دھند کی وجہ سے بند کردیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹر ویز کی بندش کا مقصد عوام کی جانوں ومال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہوسکتی ہے، ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں۔ترجمان موٹر ویز پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے، ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی