i پاکستان

مکمل سفری دستاویزات والے کسی مسافر کو باہر جانے سے نہیں روکا جا رہا، محسن نقویتازترین

December 02, 2025

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مکمل سفری دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو سفر سے نہ روکا جا رہا ہے اور نہ ہی روکا جائے گا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ایئرپورٹ کا دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن عمل کا جائزہ لیا ، امیگریشن کاونٹرز پر مسافروں کی ٹریول ہسٹری کو شناختی کارڈز اور پاسپورٹس سے منسلک کرنے کے نظام کا مشاہدہ کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے تیز رفتار سسٹم پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، وہ بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے بھی ملے اور امیگریشن پراسیس کا پوچھا، وہ بیرون ممالک سے وطن واپس آنے والے مسافروں کے امیگریشن کائو نٹرز پر بھی گئے۔

اس موقع پر مسافروں نے امیگریشن پراسیس پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف آئی اے عملے کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ صرف 2 منٹ میں امیگریشن کا عمل مکمل ہوا ہے، وزیر داخلہ کے دوروں سے پراسیس پہلے سے زیادہ بہتر ہوا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ مکمل سفری دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو سفر سے نہ روکا جا رہا ہے اور نہ ہی روکا جائے گا، نامکمل یا جعلی دستاویزات کے حامل مسافر کو ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت ہم سب کی عزت ہے، وطن کی بدنامی کا باعث بننے والے کسی مسافر کو سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔وزیر داخلہ کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر ایف آئی اے علی ضیا اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی