خیبرپختونخوا کے علاقوں مالاکنڈ اور لکی مروت میں ٹریفک کے دو المناک حادثات میں 15 افراد جاں بحق جبکہ خواتین وبچوں سمیت 19افراد زخمی ہوگئے ۔پہلا حادثہ مالاکنڈ میں پیش آیا جہاں سوات ایکسپریس وے پر خانہ بدوش افراد سے بھرا ٹرک کھائی میں جا گرا۔ ڈی ایس پی موٹروے پولیس نورالامین کے مطابق حادثہ تیزرفتار ی کے باعث پیش آیا، ٹرک الٹ کر سیکڑوں فٹ کھائی میں جا گرا، حادثے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیموں کے علاوہ مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی موقع پر پہنچ گئی، جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر بٹ خیلہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔نورالامین نے مزید بتایا کہ ٹرک میں سوار تمام افراد خانہ بدوش تھے، جن کا تعلق سوات کے علاقہ بحرین سے تھا، زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے، ٹرک میں سوار افراد سردی شروع ہونے سے پہلے گرم علاقوں کی طرف نقل مکانی کررہے تھے۔
ڈپٹی کمشنر مالا کنڈ محمد فیاض کہنا ہیکہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔ڈی ایس پی موٹروے پولیس نے بتایا کہ حادثے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب لکی مرو ت میں گنڈی پرانہ اڈا کے قریب دو فلائنگ کوچز (ہائی ایس ) کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر بلال آفریدی کی ہدایت پر ریسکیو 1122 لکی مروت کی میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو ورکرز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ تمام زخمیوں کو بروقت اور محفوظ انداز میں تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سرائے نورنگ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال تاجہ زئی منتقل کر دیا گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں خالد خان، ساجد خان، میر سعد خان، ایوب خان، اشفاق، غفور، شاہ در خان، عبد الودود اور مزمل خان شامل ہیں۔علاقہ مکینوں نے ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی