معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخواہ شفیع جان نے کہا ہے کہ ہم کسی سے رابطے میں نہیں اور نہ ہی رابطے میں رہنا چاہتے ہیں، ہدایات صرف اڈیالہ سے لیں گے،سہیل آفریدی اس وقت پی ٹی آئی کے اوپننگ بیٹسمین اور ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 302کے قیدی کو بھی فیملی سے ملاقات کی اجازت ہوتی ہے، لیکن عمران خان تو سیاسی قیدی ہیں۔ عمران خان ملک کی بڑی جماعت کے لیڈر ہیں، خیبرپختونخواہ میں ان کی حکومت ہے ان کا قانونی حق ہے کہ سیاسی لیڈرشپ ان سے ملاقات کرے۔عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش تھی لیکن وہ بالکل صحت یاب ہیں۔ عمران خان ملک کے بڑے لیڈر ہیں، جب غیرانسانی سلوک رکھا جائے تو غصہ آتا ہے۔شفیع جان نے کہا کہ نوازشریف تین بار کا وزیراعظم ، دو بار وزیراعلی اور ایک بار وزیرخزانہ رہا ہے، لیکن 27ویں ترمیم میں ووٹ ڈالنے جاتے ہیں تو ان کو ہدایات دی جاتی ہیں کہ بولنا نہیں ایک فرمانبردار بچے کی طرح ووٹ ڈالنا ہے۔
انہوں نے کہا وزیراعلی سہیل آفریدی نے واضح ہدایات دی تھیں کہ منگل کو عدالت کے سامنے جائیں اورعدالت سے درخواست کریں گے کہ عمران خان کے زیرالتوا کیسز کو سنا جائے۔ ہم کسی کے ساتھ رابطے نہیں ہیں اور نہ ہی رابطے میں رہنا چاہتے ہیں۔ہم ہدایات بھی اڈیالہ سے لیں گے اور پالیسی بھی وہاں سے آئے گی۔کیونکہ مینڈیٹ ، حکومت اور پارٹی عمران خان کی ہے۔ عمران خان وزیراعلی سہیل آفریدی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنا کام جاری رکھیں ، سہیل آفریدی کو مزید اختیارات دے دیئے گئے ہیں، سہیل آفریدی اس وقت تحریک انصاف کے اوپننگ بیٹسمین اور ریڑھ کی ہڈی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی