کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ( سی سی ڈی) کے ایک اور مبینہ پولیس مقابلے میں زیرِ حراست ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔تفصیل کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور میں سی سی ڈی پولیس کا ایک اور مبینہ مقابلہ پیش آیا، جس میں زیرِ حراست ملزم ساغر مسیح اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔سی سی ڈی نے بتایا کہ ٹیم ملزم کو کاہنہ تھانہ کی حدود میں نشاندہی کے لیے لے گئی تھی، جہاں اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر اچانک فائرنگ کر دی۔ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے نتیجے میں زیرِ حراست ملزم ساغر مسیح موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جب کہ مبینہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک کانسٹیبل معمولی زخمی ہوا اور سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم ساغر مسیح کے خلاف منشیات فروشی، قتل اور اقدامِ قتل سمیت پانچ درجن سے زائد مقدمات درج تھے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی