i پاکستان

لاہور کا فضائی معیار انتہائی خراب، آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیاتازترین

October 20, 2025

لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہر وں میں پہلے نمبرپر آگیا۔ادار ہ برائے ماحولیاتی تحفظ کے مطابق لاہور کا ائیرکوالٹی انڈیکس 332 پر پہنچ گیا اور فیصل آباد میں ائیرکوالٹی انڈیکس 325 ہے۔اس کے علاوہ شیخوپورہ 311، ڈی جی خان 239، گوجرانوالہ 233 اور ملتان کا اے کیو آئی 224 ہے۔پیر کی صبح علی الصبح لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس انتہائی خراب ہونے سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہوا۔ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ پاکستان کی درجہ بندی کے مطابق 0 سے 100 تک انڈیکس کو سبز اور مثبت جب کہ 101 سے 200 تک انڈیکس کو قدر آلودہ مگر قابل برداشت کی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔300 سے 500 کے درمیان انڈیکس آلودہ اور انتہائی آلودہ کی کیٹیگری میں آتے ہیں اور ایسے میں طویل مدت تک فضائی آلودگی کی صورت میں دل اور پھیپھڑوں کے مریضوں کو سانس لینے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ کی درجہ بندی میں بتایا گیا ہے کہ ائیر کوالٹی انڈیکس 500 سے زیادہ ہونے کا مطلب فضا شدید آلودہ ہے اور اس کے اثرات صحت مند افراد پر بھی پڑسکتے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب بھر میں اسموگ کنٹرول کے لئے ایمرجنسی ایکشن پلان فعال کر دیا گیا ۔ ڈی جی ماحولیات ڈاکٹرعمران حامد شیخ کا کہنا ہے کہ تمام ادارے غیر سنجیدگی چھوڑیں ۔ اب عملی جنگ ہوگی۔ڈی جی ماحولیات نے کہا دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اب سڑک پر نہیں چلیں گی ۔ ٹریفک پولیس فوری کریک ڈائون کرے ۔ بغیرفٹنس سرٹیفکیٹ گاڑیوں کوفورابند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک جام اور ہاٹ اسپاٹس پر رش ختم کیا جائے ۔ شہر کی سڑکوں اور تعمیراتی مقامات پر روزانہ دوبار پانی کا چھڑکا لازمی ہو گا ۔ کوڑا جلانے والوں کو اب کوئی رعایت نہیں ۔ فوری گرفتاری اور مقدمات درج کیے جائیں۔ڈی جی ماحولیات نے کہا کہ ڈمپ مٹی، ریت اور ملبہ بغیر کور لے جانے والی گاڑیوں کو فورا پکڑا جائے ۔ بار بار وارننگ ختم اب صرف کارروائی ہوگی۔ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس، ایگری کلچرٹیمیں فیلڈمیں نکلیں۔ اسکولوں میں بچوں اور والدین کو ماسک کے استعمال پر پابند کیا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی