i پاکستان

قصور اور وہاڑی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دوافراد قتل، 7 افراد زخمیتازترین

October 15, 2025

صوبہ پنجاب کے مختلف علاقو ں میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد قتل اور 7 افراد زخمی ہوگئے ،قصور میں لین دین کے تنازع پر جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک 42 سالہ شخص قتل ہوگیا جبکہوہاڑی میں گجر اور ڈاہا برادری میں تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے ۔ ۔ریسکیو 1122 کے مطابق پہلا واقعہ قصور میں تھانہ مصطفی آباد کی حدود میں پیش آیا جہاں لین دین کے واقعہ کے دوران جھگڑا شدت اختیار کر گیا جس پر ملزم بوٹا نے اسلحہ نکال کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں راشد ابراہیم موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو بلھے شاہ اسپتال منتقل کر دیا۔ادھر پولیس تھانہ مصطفی آباد نے اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب وہاڑی میںتھانہ صدر کی حدود چک نمبر 48 ڈبلیو بی میں گجر اور ڈاہا برادری کے درمیان جھگڑے نے خونریز شکل اختیار کر لی۔

واقعے کے دوران فائرنگ سے ڈاہا برادری کا ایک شخص جاں بحق اور سات افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت اسرار ڈاہا کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ زخمیوں میں اس کے دو بھائی رئیس اور فاروق سمیت دیگر چار افراد شامل ہیں، فائرنگ کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی ہے۔واقعے کے ردِعمل میں ڈاہا برادری نے مقتول کی لاش رکھ کر پرامن احتجاج شروع کر دیا ہے اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گجر برادری کی چار خواتین کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔مقامی انتظامیہ نے علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی