صحافی اور اینکر پرسن امتیاز میر کے قتل کیس میں پیش رفت ، کورنگی پولیس نے صحا فی کے قتل میں ملوث کالعدم تنظیم کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ اس سلسلے میں وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی پولیس آفس میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ اسرائیل کے معاملے پر متنازع ویڈیو بنانے پر صحافی اور اینکر پرسن امتیاز میر کا قتل کیا گیا، ملزمان کے گروہ کا تعلق لشکر ثاراللہ نامی کالعدم تنظیم سے ہے جو بیرون ملک سے ہدایت لیتے تھے۔پریس کانفرنس کے دوران ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ صحافی امتیاز کے قتل میں ملوث ملزمان کو پڑوسی ملک سے ہدایات دی جارہی تھیں۔ اس کالعدم تنظیم کا سربراہ پڑوسی ملک میں موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کراچی کے علاقے ناظم آباد سے ہے اور چاروں ملزمان تعلیم یافتہ ہیں جو کہ شہر میں مزید دہشت گردانہ کارروائی کی تیاریاں کررہے تھے۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ گرفتارملزمان نے امتیاز میر کو قتل کرنے سے پہلے مکمل منصوبہ بندی کی اور واردات کی باقاعدہ ویڈیو بھی بنائی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی