i پاکستان

کراچی ، ڈمپروں نے ٹریکرز کی تنصیب کا آغازتازترین

November 18, 2025

سندھ حکومت کی جانب سے ہیوی ٹریفک کے حوالے سے قانون کے نفاذ کے بعد ڈمپروں نے ٹریکرز کی تنصیب کا آغازکردیا ۔ رپورٹ کے مطابق شہر میں ڈمپر کے حادثات اور اموات کے بعد ڈمپروں میں ٹریکر کی تنصیب شروع ہو گئی، ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی لیاقت محسود کی ہدایات پر 606 ڈمپروں میں ٹریکرز نصب کر دئیے گئے۔ڈمپر ایسوسی ایشن نے ٹریکرز کی تنصیب کے بعد اس کا کنٹرول ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے دفتر میں آئی ٹی برانچ کے حوالے کر دیا ہے، یہ اقدام شہر میں بھاری گاڑیوں کی مثر مانیٹرنگ، ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری اور جدید ٹریکنگ سسٹم کے عملی نفاذ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ڈمپر ایسوسی ایشن کے مطابق فہرست میں شامل ڈمپرز کو کراچی کی حدود میں رات کے اوقات میں چلانے کی اجازت ہوگی، دن کے وقت یہ ڈمپر کورنگی انڈسٹریل ایریا، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، سائٹ ایریا، قاسم پورٹ اور کیماڑی پورٹ میں باقاعدہ چل سکیں گے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کی حدود میں چلنے والے ڈمپرز کیلئے زیادہ سے زیادہ رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کی گئی ہے، نادرن بائی پاس، سپر ہائی وے اور دیگر نیشنل ہائی ویز پر ڈمپر مالکان اپنے معمول کے مطابق رفتار سے ڈمپر چلا سکیں گے۔ ڈمپر ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹریکر سسٹم کے نفاذ سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، حادثات میں کمی آئے گی اور بھاری گاڑیوں کی موثر نگرانی ممکن ہو سکے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی