کراچی کے علاقے قائد آباد میں ہتھوڑے کے وار سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران لاش برآمد ہوئی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ عامر قریشی اپنی رقم لینے کیلئے ملزمان کے پاس پہنچا تو جھگڑا ہوگیا، مقتول کے اہلخانہ نے دوپہر میں ہی گمشدگی کی اطلاع کردی تھی، ٹیکنیکل اور ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر تحقیقات میں قتل کا علم ہوا۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جس گھر سے لاش ملی اس شخص سے مقتولین کا لین دین کا تنازع چل رہا تھا، مقتول کو 20 لاکھ روپے دینے کے بہانے بلا کر ہتھوڑے کے وار سے قتل کیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے دو ساتھیوں کے ہمراہ لاش کو گھگھر پھاٹک کے قریب پھینکنے کا منصوبہ بنایا ہے، ملزم نے مقتول عامر قریشی کی کار کو بھی چھپایا اور اغوا کا ڈرامہ رچایا۔پولیس شام سے مقتول عامر قریشی کو تلاش کررہی تھی، ملزم کے گھر کے باہر لگے کیمروں کی فوٹیج دیکھی تو معاملے پر شک ہوا، گھر کی تلاشی کے دوران مقتول عامر کی لاش ملی اور آلہ قتل بھی برآمد کیا گیا ہے۔تفتیشی حکام کے مطابق گھر سے خاتون اور ایک بچے سمیت 5 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی