i پاکستان

کراچی میں ای ٹکٹنگ کا سلسلہ 27 اکتوبر سے شروع ہوگا، آئی جی سندھتازترین

October 10, 2025

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان کا سلسلہ 27 اکتوبر سے بھرپور طریقے سے شروع کیا جائے گا۔اس سلسلے میں سیف سٹی پروگرام اور ٹریفک پولیس کا عملہ باہمی منصوبہ بندی سے پروگرامنگ پر کام کر رہا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے آئی جی سندھ نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان کرنے کا سلسلہ ٹیکنیکل بنیادوں پر روکا گیا ہے۔غلام نبی میمن نے بتایا کہ چالان مشینیں فراہم اور جرمانے جمع کرنے والی کمپنی کے ساتھ 10 سالہ معاہدہ 30 ستمبر کو ختم ہوا ہے۔ مذکورہ کمپنی یا کسی اور ادارے سے اگلے عرصے کا معاہدہ اس لیے نہیں کیا گیا کہ چند ہفتوں میں سیف سٹی پروگرام کے تحت اِی ٹکٹنگ کا سلسلہ شروع کیا جانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر چند ہفتے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان نہیں ہوں گے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ابھی بھی اِی چالان کئے جا رہے ہیں مگر وہ ڈمی پراسس ہے، یہ چالان شہریوں کو ارسال نہیں کئے جارہے۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں بلا تفریق ای ٹکٹنگ کا سلسلہ 27 اکتوبر کو وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے افتتاح کے بعد شروع ہوگا جس سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں واضح طور پر کمی واقع ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں غلام نبی میمن نے بتایا کہ اِی ٹکٹنگ پر شکایات کے ازالے کے لئے ایس پی، ڈی ایس پی اور سی پی ایل سی کے نمائندے پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے اگر کسی کو کسی چالان پر شکایت ہوگی تو وہ اپنی درخواست کے ساتھ مذکورہ چالان کمیٹی میں جمع کرائیں گے جس پر ازالہ کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی