i پاکستان

کراچی میں 2 جون سے گرمی کی شدت کم ہوجائیگی ،چیف میٹرولوجسٹتازترین

May 31, 2024

چیف میٹرولوجسٹ نے کراچی سمیت سندھ اور پنجاب میں گرمی کی شدت میں کمی آنے کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آنے والے مغربی سسٹم کے تحت سندھ میں درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے ۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار نے کہا کہ آج اور کل کراچی میں درجہ حرارت 39 سے 40 تک جاسکتا ہے تاہم امید ہے 2 جون سے درجہ حرارت میں کمی آجائے گی اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 35 سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 جون سے شہر میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے جب کہ بادلوں کی آمد بھی متوقع ہے جس کے سبب درجہ حرارت میں کمی ہوسکتی ہے اور 10 جون تک کراچی کا موسم بہتر رہے گا۔ دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں اور میدانی علاقوں میں موسم کی سختی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا کہ پنجاب ابھی گرمی کی لپیٹ میں رہے گا لیکن گرمی کی شدت میں معمولی کمی آنے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آج ایک مغربی سسٹم داخل ہورہا ہے، مغربی ہواں کا یہ سسٹم خشک ہواں پر مشتمل ہے جس کے تحت شمالی علاقہ جات، کے پی، مالا کنڈ، چترال اور دیر سمیت گلگت بلتستان جیسے دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ سردار سرفرز کا کہنا تھا کہ مغربی سسٹم کے تحت سندھ میں درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری تک گرنے کا امکان ہے، سندھ میں جہاں درجہ حرارت 50 اور 52 تک ریکارڈ کیا جارہا ہے وہ اب 46 یا 47 تک ریکارڈ کیا جاسکے گا، اسی طرح پنجاب میں بھی گرمی کی شدت 2 سے 3 ڈگری تک کم ہوسکتی ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ لاہور، جہلم، سیالکوٹ اور اسلام آباد سمیت گردونواح میں 5 جون سے 7 جون تک کہیں آندھی تو کہیں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے جسے پری مون سون کا سلسلہ کہا جاسکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی