ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد نظام زندگی شدید متاثر ہوکر رہ گیا۔ گلگت بلتستان کے ضلع استور میں برف باری کے باعث بند رابطہ سڑکیں اب تک بحال نہیں ہوسکیں، استور کے گائو ں کا بیمار شخص اسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑ گیا۔ادھر چمن، قلعہ عبداللہ اور زیارت سمیت بلوچستان کے بالائی اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں بھی نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔شدید برفباری کے باعث زمینی رابطے منقطع ہوگئے، توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی سمیت درجنوں دیہات کے لوگ گھروں میں محصور ہیں۔ راستوں کی بندش کے باعث خوراک اور ایندھن کی قلت پیداہوگئی ۔ کنٹرول روم حکام کے مطابق بعض علاقوں میں ریلیف کے لیے ہیلی کاپٹر ہی واحد ذریعہ ہے۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں برف باری کا سلسلہ تھم گیا تاہم نیلم میں مرکزی شاہراہ برفانی تودہ گرنے کے باعث تاوبٹ تک بند ہے، نکیال کے 13 دیہاتوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔سوات کے بالائی علاقوں میں بند رابطہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔ادھر بلوچستان بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی شہریوں کیلئے مشکلات اضافہ ہوسکتا ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں منفی 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے، جو رواں موسم کی شدید سرد راتوں میں شمار ہو رہا ہے۔زیارت میں درجہ حرارت منفی 4 اور ژوب میں صفر ڈگری تک گر گیا ہے۔دیگر اضلاع میں بھی سردی کا زور برقرار ہے۔ نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری جبکہ چمن میں 1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔گرم علاقوں میں بھی ٹھنڈ کی لہر محسوس کی جا رہی ہے، جہاں سبی میں درجہ حرارت 8 ڈگری اور تربت میں 11 ڈگری رہا۔ساحلی علاقوں میں بھی سرد ہوائہ ں نے اثر دکھایا ہے، گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری جبکہ جیوانی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔محکمہ کے مطابق شہر میں مختلف سمتوں سے 5 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ۔ آج (جمعہ سے)کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں ہوا میں نمی کا تناسب 20 سے 70 فیصد کے درمیان رہ سکتا ہے۔ صبح حدِ نگاہ 4 کلومیٹر اور نمی کا تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس سے شہریوں کو سرد اور خشک موسم کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہلکے گرم کپڑے پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی