واٹرکارپوریشن نے نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن پر کے ٹو لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے جس کے باعث شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بند رہے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی میں 48انچ قطر کی پانی کی مین پائپ لائن میں پانی کے رسائو کا معاملہ سامنے آیا تھا۔جس کا مرمتی کام24گھنٹے کی شفٹوں میں جاری رہے گا، پائپ کی مرمت کے دوران کے ٹو پمپنگ اسٹیشن کی مین لائنوں کے ساتھ متعلقہ وال بھی تبدیل کیا جائے گا۔واٹر کارپوریشن کے مطابق مرمتی کام کے دوران11میں سے3پمپس عارضی طور پر بند کردئیے گئے ہیں۔دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کا ایک پمپ بھی مرمتی ضرورت کے باعث بند رکھا گیا ہے جس کے سبب صفورہ، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، گلشن اقبال کے کچھ علاقوں میں پانی کی فراہمی بند رہے گی۔اس سلسلے میں واٹر کارپوریشن کی جانب شہریوں سے پانی ذخیرہ کرنے اوراحتیاط سے استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔واٹر کارپوریشن ترجمان کا کہنا ہے کہ مرمتی کام کے دوران150 ایم جی ڈی پانی کی کمی واقع ہوگی، تاہم کراچی کو روزانہ500ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی