i پاکستان

کراچی، دوران ڈکیتی مزاحمت پر شہری قتل، مشتعل ہجوم نے ڈاکو کو تشدد کر کے زندہ جلاڈالا،مقدمات درجتازترین

December 03, 2025

کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کے قتل کے واقعے کے بعد مشتعل عوام نے ڈاکو کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر آگ لگا دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر ہے۔گزشتہ روز اورنگی ٹائون تھانے کی حدود سیکٹر سیون ایف بلوچ گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر عبدالحنان نامی شہری جاں بحق ہوگیا تھا، واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے ایک پول کے ساتھ باندھ کر آگ لگا دی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مشتعل ہجوم نے ڈاکوکو بجلی کے کھمبے سے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، غفلت برتنے پر ایس ایچ او اورنگی ٹاون یوسف مہر کو معطل کر کے ہیڈ کوارٹر ویسٹ رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد 3 مقدمات درج کرلئے گئے ہیں ، پہلا مقدمہ شہری عبدالحنان کے قتل کا ہے، جو اس کے سسرگل محمد خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل اور ڈکیتی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

دوسرا مقدمہ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے کا ہے جبکہ تیسرا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں 30 سے 35 افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، درج مقدمے کے تحت ہلاک ہونیوالے ڈاکو کی شناخت ساجد ولد زرین داد کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل فون سے بنی ویڈیوز سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے سعود آباد ماڈل کالونی میں دو مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان شہری سے قیمتی موبائل فونز اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے فیس ماسک پہن رکھے تھے اور چند سیکنڈز میں واردات مکمل کرکے باآسانی موقع سے فرار ہوگئے۔واقعہ صبح تقریبا ساڑھے سات بجے پیش آیا تھا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ماڈل کالونی اور اس کے اطراف صبح کے اوقات میں لوٹ مار کی وارداتیں معمول بنتی جارہی ہیں جس کے باعث شہری شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ متعلقہ پولیس تاحال واقعے سے لاعلم ہے اور نہ ہی کسی قسم کی کارروائی یا تفتیش کا آغاز کیا گیا ہے، جس پر علاقہ مکینوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی