کراچی چڑیا گھر میں اسلام آباد وائلڈ لائف ٹیم نے مادہ ریچھ رانو کی بحالی کی ٹریننگ شروع کر دی۔کراچی چڑیا گھر کی مادہ ریچھ رانو کو محفوظ پناہ گاہ منتقل کیا جا رہا ہے، تاہم کے ایم سی حکام نے رانو کو اسلام آباد منتقل کرنے کے معاملے پر ہاتھ اٹھا دئیے۔اسلام آباد وائلڈ لائف ریسکیو سینٹر کی تین رکنی ٹیم کراچی پہنچ گئی ہے، اور اس نے مادہ ریچھ رانو کی بحالی کی ٹریننگ بھی شروع کر دی، آئندہ 4 روز تک رانو کو کراچی سے اسلام آباد وائلڈ لائف ریسکیو سینٹر منتقل کر دیا جائے گا۔اسلام آباد وائلڈ ریسکیو سینٹر میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں
نایاب نسل کی برفانی بھورے رنگ کی مادہ ریچھ 20 سال سے کراچی کے چڑیا گھر میں موجود ہے، تاہم اس کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے پر سندھ ہائیکورٹ نے اسے اسلام آباد وائلڈ لائف ریسکیو سینٹر منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی چڑیا گھر میں ہتھنی نور جہاں اور سفاری پارک میں ہتھنی سونیا کو بھی ناقص نگہداشت کی وجہ سے موت کے منہ میں جانا پڑا تھا۔ سونیا کی موت نے پاکستان میں قید جانوروں کی نگہداشت، چڑیا گھروں اور سفاری پارکس کے معیار، اور عوامی ذمہ داریوں پر سوالات اٹھائے۔ اس واقعے نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ صرف جانور موجود ہوں یہ کافی نہیں، بلکہ ان کے لیے مناسب ماحول، غذائی احتیاط، طبی نگرانی، طبی جائزے ضروری ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی